ویب ڈیسک: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے فائنل میں لاہور قلندرز کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے آل راؤنڈر سکندر رضا کی غیر معمولی کمٹمنٹ نے شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے۔
سکندر رضا فائنل میچ سے محض چند گھنٹے قبل لاہور پہنچے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے معلوم تھا ٹیم کو میری ضرورت ہے، ہر گیند کو بہتر طور پر کھیلنے کا عزم کیا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سکندر رضا فائنل سے صرف 24 گھنٹے قبل انگلینڈ کے شہر ناٹنگھم میں ایک ٹیسٹ میچ کھیل رہے تھے۔ جیسے ہی میچ ختم ہوا، انہوں نے فوری طور پر تین فلائٹس بدلیں، دبئی میں قیام کیا اور آخرکار لاہور پہنچے۔ لاہور پہنچتے ہی قلندرز کی جرسی پہنی اور بغیر کسی وقفے کے میدان میں اتر گئے۔
سکندر رضا نے میچ کے آخری لمحات میں جیت کا فیصلہ کن شاٹ کھیل کر نہ صرف اپنی ٹیم کو فتح دلائی بلکہ شاندار پیشہ ورانہ جذبے کی اعلیٰ مثال قائم کی۔
کرکٹ فینز نے سوشل میڈیا پر سکندر رضا کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے ان کی لگن، حب الوطنی اور ٹیم اسپرٹ کو خوب سراہا۔ کئی صارفین نے انہیں "سچا فائٹر" اور "لاہور کا اصل شیر" قرار دیا۔