(فاران یامین) گجر پورہ کے علاقے میں با اثر افراد کی مسیح شہری کو شدید تشدد کا نشانہ بنانے کی ویڈیو منظرعام پر آگئی۔
پولیس کے مطابق یاسر مسیح کو زنجیروں میں باندھ کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا،یاسر مسیح پر علاقے میں ملزمان کی جانب سے بد فعلی کا الزمان عائد کیا گیا تھا۔
لواحقین کی جانب سے یاسر مسیح پر تشدد کے بعد پریس کلب کے باہر احتجاج کرتے ہوئے بد فعلی کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یاسر مسیح ایل ڈبلیو ایم سی کا ملازم ہے،جسے ملزمان نے زنجیروں میں جکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ یاسر مسیح کے چہرہ اور جسم کے دیگر حصوں پر تشدد کے نشانات واضح طور پر دکھائی دے رہے ہیں۔
لواحقین کے احتجاج پر ڈی آئی جی آپریشنز نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سول لائنز کو فوری ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک دے دیا جس پر نوٹس کے بعد پولیس نے تشدد کرنے والے ملزمان خادم حسین، دانش اور حماد ارشد کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق تینوں ملزمان نے یاسر مسیح کو اپنے ڈیرے پر باندھ کر تشدد کا نشانہ بنایا تھا، تینوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔