ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کل 27 مارچ سے پشاور سے کوئٹہ جعفر ایکسپریس روانہ ہوگی؛ وزیر ریلوے

کل 27 مارچ سے پشاور سے کوئٹہ جعفر ایکسپریس روانہ ہوگی؛ وزیر ریلوے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک : وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے احکامات پر ملک بھر میں 5 عیداسپیشل ٹرینیں چلائیں گے، 29 مارچ کو عید کیلئے اسپیشل ٹرین کوئٹہ سے روانہ ہوگی، عید کے پہلے 3 دنوں کیلئے ٹرین کے کرایوں میں 20 فیصد رعایت رکھی گئی ہے۔

 وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کل 27 مارچ سے پشاور سے کوئٹہ جعفر ایکسپریس روانہ ہوگی جبکہ 28 مارچ کو جعفر ایکسپریس کوئٹہ سے پشاور روانہ ہوگی۔ بولان ایکسپریس اب سے روزانہ کی بنیاد پر چلائی جائے گی جو پہلے ہفتے میں 2 دن چلتی تھی۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان سے اب 3 کے بجائے 9 مسافر ٹرینیں چلائیں گے، ریلوے پولیس میں 500 نئی بھرتیاں کی جائیں گی، 70 فیصد کا تعلق بلوچستان سے ہوگا، اگلے مرحلے میں ایک ہزار مزید افراد کو بھرتی کیا جائے گا۔

 وزیر ریلوے نے بتایا کہ ریلوے اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے مسائل ہیں، سانحہ جعفر ایکسپریس پر بہت افسوس ہے، تمام دنیا نے سانحہ جعفر ایکسپریس کی مذمت کی، جعفر ایکسپریس حملے میں مقامی سطح پر سہولتکاری ہوئی، معصوم بچے، عورتوں، جوان اور بزرگوں کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے مہارت سے نہتے مسافروں کی زندگی کو محفوظ بنایا، فوجی جوانوں کو سلیوٹ اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں، دشمن نے فرقہ واریت، لسانیت اور محرومی کو بہانہ بناکر دہشتگردی کو پروان چڑھایا، پاکستان کیخلاف منصوبہ بندی کیساتھ سازش کی جارہی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ دشمن کو معلوم ہے وہ پاکستان میں داخل نہیں ہوسکتے ہم نیوکلیئر پاور ہیں، ہم صوبائیت اور قومیت کے نعروں کی مذمت کرتے ہیں، انسانی جان کی کوئی قیمت نہیں ہوتی جو ادا کی جاسکے، دشمنوں کو معلوم ہے کہ ہمیں شکست نہیں دے سکتے، دشمنوں نے کبھی فرقہ وارانہ تو کبھی قومیت کی بنیاد پر دہشتگردی کی، سیکیورٹی اداروں، کمانڈوز اور فوجی جوانوں نے پروفیشنل اور ماہرانہ انداز میں آپریشن میں حصہ لیا۔ 

حنیف عباسی نے کہا کہ اللہ کا خاص کرم ہوا، بہت بڑے نقصان سے بچ گئے، ریاست نے ہر سطح پر یہ فیصلہ کیا ہے دہشتگردی کا ہر فورم پر مقابلہ کریں گے، کبھی کسی نے نہیں سنا راولپنڈی میں کسی بلوچ کو مارا گیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ جانتے ہیں بلوچ پنجاب یا پنجابیوں کیخلاف نہیں، چند عناصر ان کا نام استعمال کرکے دہشتگردی کرتے ہیں۔