(قذافی بٹ) تحریک انصاف کے سینیٹرسنٹرل پنجاب کے صدر اعجاز احمدچوہدری سے پارٹی سیکرٹریٹ میں ضلعی صدر گوجرانوالہ رانا ساجد علی خا ں کی قیادت میں وفد کی ملاقات پی پی 58 گوجرانوالہ سٹی سے آزادامیدوار کلیم اللہ خاں اپنے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شامل ہوگئے.
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی سیکرٹریٹ میں سینٹر اعجاز احمد چودھری سے گوجرانولہ سے ازاد امیدوار کلیم اللہ خاں نے ملاقات کی اور وزیراعظم عمران خان اور اعجازاحمدچوہدری کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی۔ اعجازاحمدچوہدری نے نئے شامل ہونے والے ساتھیوں کو پارٹی میں خوش آمدید اور مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کلیم اللہ خاں کی شمولیت سے پی ٹی آئی کی تنظیمی قوت میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی سینیٹر شپ گہنائے ہوئے چاند اور مرجھائے ہوئے پھول کی ماندہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینٹ کا اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا فیصلہ قابل تعریف ہے، پی ڈی ایم کا اب ذکر ختم ہو جانا چاہئے۔اعجاز احمد چودھری کا کہنا تھا کہ ن لیگ پنجاب کے چند اضلاع تک محدود ہو کر رہ گئی ہے.
قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے مسلم لیگ ن کے منحرف رکن اسمبلی اشرف انصاری نے ایک ملاقات کی ہے۔ملاقات میں انہوں نے عثمان بزدار کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے گوجرانوالہ کے لئے اربوں روپے کا ترقیاتی پیکیج دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ پی ڈی ایم بے سمت دوڑنے والا سیاسی ہجوم ہے جو مکافات عمل کا شکار ہو کر ٹوٹ چکی ہے ا پوزیشن کا منفی بیانیہ عوام نے مسترد کردیاہے، صوبہ کے تمام شہروں کی یکساں ترقی ہمارا عزم ہے، خدمت کے جذبے سے کام کررہے ہیں -عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ گوجرانوالہ کے ترقیاتی منصوبوں کی خود مانیٹر نگ کروں گا، ترقیاتی منصوبوں کو بروقت پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔