ریحان گل: نجی سکولز مالکان آدھی فیس لینے سے متعلق حکومتی ہدایات کے آڑے آ گئے،5000 ہزار اور اس سے کم فیس لینے والے سکولوں کو اس حکم سے مثتسنی قرار دینے کا مطالبہ کردیا، وزیرقانون اور وزیر سکولز ایجوکیشن پر مشتمل کمیٹی حتمی فیصلہ کرے گی۔
پنجاب میں کرونا کے پھیلاو کو روکنے کے لئے حکومت کی جانب سے سکولوں کی چھٹیوں میں 31 مئی تک کی توسیع کردی گئی ہے اور سکولوں کو آدھی فیس لینے کی ہدایت کی گئی ہے لیکن نجی سکولز مالکان کی جانب سے اس ہدایت پر اپنے تحفظات محکمہ سکولز ایجوکیشن کو بھجوائے گئے ہیں، جن کے مطابق 5000 اور اس سے کم فیس لینے والے سکولوں کو اس حکم سے مثتسنی قرار دینے اور صرف 5000 روپے سے زائد فیس لینے والے سکولوں کی فیس آدھی کروانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اسی تنازعہ کے باعث محکمہ سکولز ایجوکیشن تاحال آدھی فیس وصول کرنے کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کرسکا،، ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر قانون اور صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن پر مشتمل کمیٹی اس حوالے سے حتمی پالیسی ترتیب دے گی۔
یاد رہے پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور ملک میں مجموعی متاثرین کی تعداد 1000 سے تجاوز کر گئی ہے، ملک میں کورونا ایک اور جان لے گیا، ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی، محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق لاہورمیں کوروناکے مریضوں کی تعداد 80 اور پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 323 ہوگئی ہے، تمام کنفرم مریض آئسولیشن وارڈز میں داخل ہیں، ان مریضوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ملک بھر میں لاک ڈائون سے کھانے پینے کی اشیا کے علاوہ سب کچھ بند ہے۔لوگ گھروں میں محصور ہیں۔ پنجاب بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں پاک فوج اور پولیس کے دستے تعینات کیے گئے ہیں۔