عابد چودھری:سید عبدالرحیم شیرازی نے یومِ عاشور کے موقع پر ماڈل ٹاؤن اورٹھوکر نیاز بیگ کا دورہ کیا اور شہر کے چاروں بڑے شبیہ ذوالجناح جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی جائزہ لیا۔
سی ٹی او لاہور نے جلوسوں کے منتظمین سے ملاقات کی اور ٹریفک انتظامات کے بارے میں استفسار کیا۔ منتظمین نے بہترین ٹریفک انتظامات پر سی ٹی او لاہور اور ٹریفک پولیس کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر سید عبدالرحیم شیرازی نے مختلف ڈائیورژن پوائنٹس پر شہریوں سے بھی ملاقات کی اور ٹریفک وارڈنز کو ڈیوٹی سے متعلق ضروری ہدایات جاری کیں۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق شہریوں کی سہولت اور آسانی کے لیے اضافی نفری تعینات کی گئی ہے، جبکہ جلوسوں میں شرکت کے لیے آنے والے زائرین کے لیے بہترین پارکنگ انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ٹریفک وارڈنز مشکوک افراد اور لاوارث اشیاء پر بھی کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ مؤثر ٹریفک پلان کے باعث شہریوں کو شہر بھر میں ٹریفک کی روانی کے حوالے سے کسی بڑی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور ٹریفک کی بلاتعطل روانی کو یقینی بنایا گیا ہے۔