سٹی42:عظمی بخاری نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یومِ عاشور کے موقع پر صوبے بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں اور عزاداری جلوسوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیف سٹی کے کیمروں کے ذریعے جلوسوں کی مانیٹرنگ جاری ہے، جبکہ ضلعی افسران مختلف مقامات پر سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لے رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق سکیورٹی خدشات کے پیش نظر بعض مقامات پر موبائل فون سروس بھی عارضی طور پر بند کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شدید گرمی کے پیش نظر جلوسوں کے شرکاء پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے اور عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے عوام سے اپیل کی کہ محرم الحرام کے دوران مذہبی رواداری، بھائی چارے اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے اور اس موقع پر اتحاد و یگانگت کا پیغام عام کیا جائے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مل کر یومِ عاشور کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔