ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

یومِ عاشور: لاہور میں ستھرا پنجاب ایجنسی کا خصوصی صفائی آپریشن جاری

یومِ عاشور: لاہور میں ستھرا پنجاب ایجنسی کا خصوصی صفائی آپریشن جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

طاہر جمیل:یومِ عاشور کے موقع پر ستھرا پنجاب ایجنسی لاہور کی جانب سے مجالس، جلوسوں اور دیگر مذہبی سرگرمیوں کے لیے خصوصی صفائی آپریشن جاری ہے جبکہ شہر بھر میں صفائی اور ویسٹ کلیئرنس کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین کے مطابق تمام جلوسوں اور مجالس کے لیے خصوصی صفائی پلان پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے اور صفائی عملہ مرکزی جلوس کے روایتی راستوں پر مسلسل خدمات انجام دے رہا ہے۔

مرکزی جلوس کے روٹس پر نثار حویلی، لکڑ منڈی، چوہٹہ اور پرانی کوتوالی میں ویسٹ کلیئرنس عملہ تعینات ہے جبکہ کشمیری بازار، ڈبی بازار اور سوہا بازار میں صفائی ٹیمیں مینوئل سویپنگ میں مصروف ہیں۔ اسی طرح تحصیل بازار، بازار حکیماں اور مین بازار بھاٹی میں بھی صفائی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق امام بارگاہ کربلا گامے شاہ میں ویسٹ کلیئرنس اور واشنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ ستھرا پنجاب ایجنسی کے 320 سے زائد ورکرز امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس کی صفائی ستھرائی پر مامور ہیں۔

اس کے علاوہ قبرستانوں کے اطراف بھی خصوصی صفائی آپریشن جاری ہے، جن میں قبرستان بوہڑوالا، قبرستان میاں میر نزد بارہ دری اور دیگر مقامات شامل ہیں۔

ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی کا کہنا ہے کہ عاشورہ کی مناسبت سے مجالس اور جلوسوں کے اختتام تک خصوصی صفائی آپریشن جاری رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کو صاف اور بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔