ویب ڈیسک: بہاولنگر کے نواحی علاقے میں چار ماہ قبل پیش آنے والے اندھے اغوا کیس کا ڈراپ سین ہو گیا، اغواء شدہ لیاقت نامی شخص کی لاش اس کے ہی گھر کے صحن سے برآمد ہوئی۔
پولیس کے مطابق سوتیلے بیٹے اور بیوی نے اپنے دو ساتھیوں کی مدد سے لیاقت کو گلا دبا کر قتل کیا اور نعش کو گھر کے صحن میں دفن کر دیا۔ لیاقت کے بھائی ناصر محمود نے مغوی کی گمشدگی کی رپورٹ تھانہ بی ڈویژن میں دو ماہ بعد درج کروائی تھی لیکن مغوی کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جب مقتول کے بھائی نے دوسری بیوی اور سوتیلے بیٹے پر شک ظاہر کیا تو دونوں کو تفتیش میں شامل کیا گیا جس پر انہوں نے اقبال جرم کرتے ہوئے ساری حقیقت بتا دی۔
مزید تحقیقات کے بعد پولیس اور فرانزک ٹیم نے موقع پر پہنچ کر گھر کے صحن کی زمین کھود کر نعش نکالی اور شواہد جمع کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔
مقتول کے بھائی کا کہنا ہے کہ میرے بھائی کو اس کی دوسری بیوی اور سوتیلے بیٹے نے منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا۔