بیرون ملک جانیوالے مسافروں کی کورونا سکریننگ سخت کرنے کا فیصلہ

بیرون ملک جانیوالے مسافروں کی کورونا سکریننگ سخت کرنے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ائیرپورٹ (سعید احمد سعید) بیرون ملک جانیوالے مسافروں کی کورونا سکریننگ مزید سخت کرنے کیلئے سی اے اے کی جانب سے ائیر لائنز اور ائیرپورٹ منیجر کو نئی ہدایات جاری کر دی گئیں۔

سی اے اے کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق ائیر پورٹ کی حدود میں داخل ہوتے وقت مسافروں کی کورونا سکریننگ کی جائے گی، بیرون ملک جانے والے مسافروں کی چیک ان سے قبل بھی مکمل طبی جانچ ہو گی، بورڈنگ کارڈ کے اجراء سے قبل بھی مسافروں کی سکریننگ کی جائے گی، مسافروں سے ہیلتھ ڈیکلریشن فارم پُر کروانے کے حوالے سے مناسب انتظامات کیے جائیں گے اور بورڈنگ سے قبل فائنل ڈیسک پر مسافروں کی مکمل جانچ پڑتال اور ٹریولنگ ہسٹری سے متعلق پوچھا جائے گا جبکہ مشتبہ مسافروں کو سفر کی اجازت نہیں ہو گی۔

 اس کے علاوہ مسافروں سے 96 گھنٹے قبل تک کا پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ بھی طلب کیا جانا زیرغور ہے، اس حوالے سے تمام صوبائی ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ ائیرپورٹس پر اضافی عملے کی تعیناتی پر رضا مندی کا اظہار کر چکی ہے، ائیرپورٹس منیجر کی ہدایات کی روشنی میں اضافی عملے کو طلب کیا جا سکے گا۔

واضح رہے کہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کیلئے قومی ائیر لائن(پی آئی اے) کا خصوصی فلائٹ آپریشن جاری ہے، پی آئی اے نے سعودی عرب کے شہر ریاض اور دمام سے پاکستان کیلئے خصوصی پروازیں آپریٹ کیں، مجموعی پروازوں کے ذریعے 4 ہزار800 سے زائد پاکستانیوں کو ملک پہنچایا گیا۔

پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق قومی ائیر لائن نے دمام سے 2 ہزار400 سے زائد مسافروں کو خصوصی پروازوں کے ذریعے ان کی منزل مقصود تک پہنچایا، پی آئی اے نے دمام سے لاہور، اسلام آباد اور سیالکوٹ کیلئے بھی پروازیں آپریٹ کیں۔

دوسری جانب کورونا وائرس کیسز میں اضافے کے باعث ایمریٹس کے بعد اتحاد ائیر اور فلائی دبئی نے بھی پاکستان سے فضائی آپریشن بند کرنے کا اعلان کردیا، اتحاد ائیر اور فلائی دبئی کی 25 جون سے پاکستان سے دبئی اور ابوظہبی کی پروازیں غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دی گئیں۔

Sughra Afzal

Content Writer