ویب ڈیسک: لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے کیس میں پی ٹی آئی کے 18 رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں پر سماعت 5 اگست تک ملتوی کر دی گئی ۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی اور عدالت نے وکلاءکو حتمی دلائل کیلئے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا، پی ٹی آئی رہنماءجمشید اقبال چیمہ، حماد اظہر، یاسمین راشد، اعجاز چودھری، میاں محمود الرشید اور اسلم اقبال و دیگر رہنماءسماعت کے موقع پرعدالت پیش ہوئے۔
دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ کیا تمام ملزم شامل تفتیش ہو چکے ہیں؟ جس پر وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تمام ملزم شامل تفتیش ہو چکے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے دہشت گردی کی دفعات کو بھی چیلنج کر دیا ہے اور حماد اظہر و یاسمین راشد کی جانب سے دائر کی گئی درخواستوں میں لاہور کے 4 تھانوں میں درج مقدمات میں دہشت گردی کی دفعات کو چیلنج کیا گیا ہے۔