ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سنگین بیماری والے عازمین کے لیے حج پر نئی پابندی جاری

سنگین بیماری والے عازمین کے لیے حج پر نئی پابندی جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: وزارت مذہبی امور نے نئی ہیلتھ ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں سنگین امراض میں مبتلا عازمین کے حج سفر پر پابندی عائد کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کے لیے نئی اور سخت ہیلتھ ایڈوائزری جاری کر دی ہے، جس کے تحت مختلف پیچیدہ اور دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد کو رواں برس حج پر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ایڈوائزری کے مطابق ایڈوانس کینسر، دل کی شدید بیماری اور ہارٹ فیلیئر کے مریض حج کا فریضہ ادا نہیں کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ گردوں کی خرابی (ڈائیلاسز)، جگر کے سنگین امراض، اور دائمی سانس یا پھیپھڑوں کی شدید بیماری میں مبتلا افراد پر بھی سفری پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق شدید اعصابی امراض کا شکار عازمین اور ایسی حاملہ خواتین جن کا حمل 26 ہفتوں سے زائد ہو، وہ بھی حج کا سفر نہیں کر سکیں گی۔

وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ حج کے لیے جعلی یا غلط میڈیکل سرٹیفکیٹ جمع کرانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ تمام عازمین کے لیے گردن توڑ بخار، انفلوئنزا اور پولیو کی ویکسین لگوانا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سعودی قوانین کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیا جائے گا، لہٰذا عازمین اپنی صحت اور سفری قوانین کا خصوصی خیال رکھیں۔