سٹی 42 : صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم عوامی ہیں، ہمیں عوام کی جنگ لڑنی ہے، بلدیاتی الیکشن کی تیاری کریں، ہمیں بھر پور کامیابی حاصل کرنا ہوگی ۔
منگل کے روز صدر آصف علی زرداری نے اپنے دورہِ لاہور کے دوران اراکین صوبائی اسمبلی سے ہونے والی ملاقات میں کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی الیکشن میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے، بلدیاتی الیکشن کی تیاری کریں، ہمیں بھر پور کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کا ہونا بہت ضروری، عوامی مسائل کاحل بلدیاتی الیکشن ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم عوامی ہیں، ہمیں عوام کی جنگ لڑنی ہے ۔ آصف زرداری نے اس موقع پر ممبران سے سوال کیا کہ جنوبی پنجاب میں بجلی گیس کہاں مل رہی اور کہاں نہیں؟، جس پر ممبران اسمبلی نے بجلی گیس سے محروم علاقوں کی نشاندہی کی ۔
صدر مملکت نے کہا کہ پانی کا بہت بڑا مسئلہ ہے، سندھ اور بلوچستان کے مسائل حل نہیں ہورہے، ہمیں اس کو سنجیدہ لینا ہوگا، میں ہر فورم پر اس کی نشاندہی کرچکا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول اور میں خود پنجاب میں بیٹھوں گا ۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے صدر آصف علی زرداری کو پنجاب میں سیاسی اور انتظامی صورتحال سے آگاہ کیا ۔ جس پر صدر مملکت نے کہا کہ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کی کارکردگی متاثر کن ہے، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر بہترین کام کررہے ہیں، سردار سلیم حیدر کا کام ہے جہاں غلط ہو اس کی نشاندہی کرے اور ایکشن لے ۔
ممبران نے اس دوران اپنے تحفظات کا اظہار کیا، کہا کہ بیوروکریسی ہماری بات نہیں سنتی، ایک ایڈیشنل سیکرٹری دیا لیکن اس کی کوئی سنتا ہی نہیں، متعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر تو کیا اسسٹنٹ کمشنر تک ایڈیشنل سیکرٹری کی بات نہیں سنتا، مزید کہا کہ ن لیگی ممبران اسمبلی کے کام فوری کرتے، انہیں تبادلوں سمیت ہر کام کے فوری آرڈر دئیے جاتے ہیں، اربوں روپے کا بجٹ لاہور پر لگادیا، ایک ضلع پر نوازشات ہیں، باقی پنجاب ایک طرف ہے،یہ کونسا میرٹ ہے ۔
اراکین صوبائی اسمبلی نے کہا کہ ایک ضلع کو ماضی کی طرح پروموٹ کیا جارہا ہے، باقی احساس محرومی کا شکار ہیں، صرف لاہور کی عوام کےلئے اربوں روپے لگاکر ہارس اینڈ کیٹل شو کا انعقاد کیا گیا، کسانوں کا پنجاب میں کوئی پرسان حال نہیں، ہر جگہ سے کسان پس رہا ہے ۔ صدر آصف علی زرداری نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ ہم کسانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، کسانوں کو سہولیات فراہم کرنے کےلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی ۔
ممبران نے مزید تحفظات کا اظہار کیا کہ ہم جیت کر ایوان میں آئے لیکن ہمارے کام نہیں ہوتے، ہمارے ہی حلقے میں ن لیگی افراد کے کام ہورہے ہیں، ڈی سیز، ڈی پی اوز، اے سیز سمیت متعلقہ انتظامیہ ن لیگی افراد کے کام فوری کرتے ہیں ۔ جس پر صدر مملکت نے کہا کہ آپ سب کے تحفظات جائز ہیں، ہم ان کو جلد حل کروائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیحات ملک اور عوام ہیں، ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم نے ہمیشہ ملک وعوام کی جنگ لڑی۔