ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

مدارس رجسٹریشن: جے یو آئی کا حکومت بلوچستان پر سخت ردعمل، مزاحمت کا اعلان

مدارس رجسٹریشن: جے یو آئی کا حکومت بلوچستان پر سخت ردعمل، مزاحمت کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے اپنے بیان میں خبردار کیا کہ ملک کے کسی بھی حصے میں مدارس کے خلاف کوئی قدم اٹھایا گیا تو جے یو آئی سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہوگی اور ہر محاذ پر بھرپور مزاحمت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں، بصورت دیگر حالات کی تمام تر ذمہ داری انہی پر عائد ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ مدارس کو بند کرنے یا دباؤ میں لانے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور جے یو آئی ہر قیمت پر دینی مدارس کا تحفظ کرے گی۔

عبدالغفور حیدری نے مزید کہا کہ دینی مدارس پارٹی کے لیے "ریڈ لائن" کی حیثیت رکھتے ہیں، اور اگر اس حد کو عبور کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کا سخت اور فیصلہ کن ردعمل دیا جائے گا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت اور انتظامیہ جان بوجھ کر غلط بیانی سے کام لے رہی ہے، اور صوبائی و ضلعی انتظامیہ کو خبردار کیا کہ وہ ایسے اقدامات سے گریز کرے جو ملک میں مزید عدم استحکام کا باعث بن سکتے ہیں۔

رہنما جے یو آئی کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی مدارس کے خلاف ہونے والی کوششوں کو ناکام بنایا گیا اور آئندہ بھی کسی کو اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔