عرفان ملک: ایف آئی اے کے نیشنل سنٹرل بیورو (این سی بی) انٹرپول نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے قتل اور فراڈ کے مقدمات میں مطلوب چار اشتہاری ملزمان کو متحدہ عرب امارات سے گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں عبداللہ، عادل، محمد عدنان اور شاہ فیصل شامل ہیں، جنہیں ابوظہبی سے گرفتار کر کے لاہور ائیرپورٹ منتقل کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان پنجاب پولیس کو مطلوب تھے اور ان کے خلاف قتل اور فراڈ کی دفعات کے تحت فیصل آباد اور سرگودھا میں مقدمات درج تھے۔
ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹسز جاری کیے تھے۔ بعد ازاں ملزمان کو ایف آئی اے امیگریشن لاہور نے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا۔
حکام کے مطابق یہ کامیاب کارروائی انٹرپول اسلام آباد اور انٹرپول ابوظہبی کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کے نتیجے میں ممکن ہوئی۔