سعید احمد: ایف آئی اے نیشنل سینٹرل بیورو انٹرپول کی جانب سے بڑی کارروائی کرتے ہوئے قتل اور فراڈ کے مقدمات میں مطلوب 4 اشتہاری ملزمان کو متحدہ عرب امارات سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں عبداللہ، عادل، محمد عدنان اور شاہ فیصل شامل ہیں۔ ان ملزمان کو ابوظہبی سے گرفتار کر کے لاہور ایئرپورٹ منتقل کیا گیا۔
حکام کے مطابق یہ ملزمان پنجاب پولیس کو قتل اور فراڈ کے مقدمات میں مطلوب تھے، جن کے خلاف فیصل آباد اور سرگودھا میں مقدمات درج تھے۔
ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹسز جاری کیے تھے، جس کے بعد بین الاقوامی سطح پر کارروائی ممکن ہوئی۔
بعد ازاں ایف آئی اے امیگریشن لاہور نے گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا۔