طاہر جمیل:لاہور میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث روزمرہ استعمال کی اشیاء مہنگے داموں فروخت ہونے لگی ہیں، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں دودھ، روٹی، گوشت سمیت مختلف اشیائے ضروریہ سرکاری قیمتوں سے کئی گنا زائد نرخوں پر فروخت ہو رہی ہیں۔
سادہ روٹی جو سرکاری طور پر 14 روپے مقرر ہے، بازار میں 20 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔ اسی طرح بیف کی سرکاری قیمت 800 روپے فی کلو کے مقابلے میں 1200 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔
مٹن کی قیمت بھی سرکاری 1600 روپے فی کلو کے بجائے 2600 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ دودھ 170 روپے کی بجائے 240 روپے فی لیٹر جبکہ دہی 180 روپے کی بجائے 250 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔
اسی طرح مختلف سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ جاری ہے، جس سے عام شہری کی قوتِ خرید بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نرخنامہ صرف کاغذوں تک محدود ہے جبکہ عملی طور پر اس پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ گراں فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور سرکاری نرخنامے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔