ویب ڈیسک: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ حبا بخاری ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیر بحث آ گئی ہیں، جب وہ برطانیہ کے شہر بریڈفورڈ میں ایک"میٹ اینڈ گریٹ" ایونٹ میں شریک ہوئیں۔ ان کے ہمراہ اداکار دانش تیمور بھی موجود تھے، اور دونوں کی شرکت کی ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
حبا بخاری کو پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی کامیاب اور مقبول اداکارہ سمجھا جاتا ہے، جنہوں نے اپنی اداکاری سے بڑی تعداد میں مداح بنائے ہیں۔ ان کی اور دانش تیمور کی آن اسکرین جوڑی کو بھی شائقین کی جانب سے خوب پذیرائی مل رہی ہے، اور دونوں اس وقت ڈرامہ سیریل “ہمراہی” میں ایک ساتھ جلوہ گر ہو رہے ہیں۔
بریڈفورڈ ایونٹ میں حبا بخاری نے ڈیزائنر طیب معظم کی تیار کردہ ساڑھی زیب تن کی، تاہم ان کے لباس کے انتخاب پر سوشل میڈیا پر مختلف آرا سامنے آئیں۔ کچھ صارفین نے ان کے انداز کو سراہا جبکہ کئی نے تنقید بھی کی۔
وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ساڑھی کی لمبائی اور فٹنگ کے باعث انہیں چلنے میں دشواری پیش آ رہی تھی، اور وہ بار بار اپنے لباس کو سنبھالتی نظر آئیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے مختلف تبصرے کرتے ہوئے کہا کہ لباس ایسا ہونا چاہیے جس میں اعتماد محسوس ہو، جبکہ بعض نے ساڑھی کے انتخاب اور اس کی لمبائی کو غیر موزوں قرار دیا۔ یوں یہ ایونٹ ایک بار پھر آن لائن بحث کا موضوع بن گیا ہے، جہاں مداحوں کی رائے منقسم دکھائی دیتی ہے۔