سعودی عرب کی بے روزگار پاکستانیوں کیلئے بڑی امداد

سعودی عرب کی بے روزگار پاکستانیوں کیلئے بڑی امداد
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( قذافی بٹ، فاران یامین ) کورونا بحران سے بے روزگار ہونے والے پاکستانیوں کی مدد کے لیے سعودی عرب سامنے آگیا، 16 کروڑ روپے مالیت کا امدادی راشن گورنر پنجاب کے حوالے کردیا۔

امدادی سامان کنگ سلمان ریلیف سنٹر اور حیات فاؤنڈیشن نے گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب کے دوران دیا۔ سعودی عرب سے ملنے والا امدادی راشن لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں مستحق افراد میں تقسیم کیا جائے گا۔

گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ کنگ سلمان ریلیف سنٹر کے امدادی سامان سے 1.5 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔ سعودی قیادت نے پاکستان پر جس اعتماد کا اظہار کیا وہ قابل تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کا مطلب کورونا کا خاتمہ ہوجانا نہیں، عوام نے کورونا کو سنجیدہ نہ لیا تو حکومت کے پاس سخت فیصلوں کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہوگا۔

چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ لوگ گھروں سے نکلتے رہے تو پاکستان کا ہیلتھ نظام کورونا بحران کا سامنا نہیں کرسکے گا۔ گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزوں کو پکڑنا اور قیمتوں کو کنٹرول کرنا حکومتی ذمہ داری ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما میاں حامد محمود کے مطابق راشن موہنی روڈ، ابوبکر روڈ، ابراہیم روڈ، حفیظ روڈ، ناصر پارک، گلشن ریاض، مالی پورہ، شفیق آباد اور داتا صاحب کے 1500 خاندانوں میں تقسیم کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈان کے باعث پہلے ہی لوگوں کے کاروبار تباہ ہیں، سفید پوش افراد کے لیے زندگی گزارنا مشکل ہو گیا ہے۔ ایسے میں ماہ رمضان بھی شروع ہو گیا، صاحب استطاعت لوگوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے اردگرد افراد پر نظررکھیں۔

پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ ایسے سفید پوش لوگ جو کسی سے مانگتے نہیں ان کے گھروں تک خاموشی سے راشن پہنچائیں، امداد کے اس سلسلے کو جتنا ہوسکے وسیع کیا جانا چاہیے۔