ویب ڈیسک: بولی وڈ اداکارہ تاپسی پنوں نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ماضی قریب میں ایک فلمی پروجیکٹ سے ہیرو کے اصرار پر نکال دیا گیا تھا، جبکہ انہیں اس کی وجہ کے طور پر ہیرو کی بیوی کی ناپسندیدگی بتائی گئی۔
25 ستمبر 2026 کو ایک یوٹیوب چینل کو دیے گئے حالیہ انٹرویو میں تاپسی پنوں نے بتایا کہ ابتدا میں انہیں صرف یہ کہا گیا کہ اداکار انہیں فلم میں نہیں چاہتے، تاہم کوئی وضاحت نہ ملنے پر وہ خود ہی مختلف اندازے لگاتی رہیں۔
اداکارہ کے مطابق جب انہیں فلم سے ریپلیس کیا گیا تو انہیں جو وجہ بتائی گئی وہ یہ تھی کہ ’’ ہیرو کی بیوی کو تم پسند نہیں ہو‘‘۔ تاپسی پنوں نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ وہ ہیرو کی بیوی کو کیوں پسند نہیں تھیں۔
اس سے قبل ایک انٹرویو میں تاپسی پنوں نے کہا تھا کہ فلمساز اکثر مخصوص قسم کے کرداروں کے لیے اداکاروں کے ایک ہی سیٹ کی طرف واپس جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر کوئی اپنے کمفرٹ زون میں جارہا ہے اور آزمائے ہوئے طریقے استعمال کر رہا ہے۔ ان کے مطابق گلیمرس کرداروں کے لیے پانچ اداکاراؤں کا ایک سیٹ جبکہ سنجیدہ اور ایشو بیسڈ فلموں کے لیے پانچ اداکاراؤں کا دوسرا سیٹ موجود ہے۔