علی ساہی: جمعتہ المبارک کے موقع پر آئی جی پنجاب عبدالکریم نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کر دئیے۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، مارکیٹوں اور دیگر حساس مقامات کی سکیورٹی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان سمیت ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے اور غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کی مہم میں مزید تیزی لانے کی ہدایت بھی کی۔
آئی جی پنجاب کے مطابق مساجد، کاروباری مراکز کے اطراف اور شاہراہوں پر پٹرولنگ بڑھائی جائے، جبکہ لا اینڈ آرڈر کا قیام، شہریوں کی جان، مال اور املاک کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
ہدایت میں کہا گیا کہ ڈی پی اوز سمیت تمام سینئر پولیس افسران فیلڈ میں موجود رہیں اور سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں۔
آئی جی پنجاب نے دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہ دینے، داخلی و خارجی راستوں پر مشکوک افراد، مشتبہ گاڑیوں اور سامان کی مکمل چیکنگ کرنے اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے اہم مقامات کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔