(عمران یونس) کروڑوں کا ریونیو اکٹھا کرنے والے ادارے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے پاس ضبط شدہ سامان کو رکھنے کیلئے جگہ کم پڑ گئی، مجبوری میں ضبط شدہ سامان پارکنگ اور دفاتر میں رکھا جانے لگا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی ملاوٹ مافیا کیخلاف جاری کارروائیوں کے دوران سالانہ کروڑوں مالیت کا سامان ضبط کرتی ہے اور متعلقہ سامان کو مقرر کردہ ویئر ہاوسز میں رکھتی ہے، لیکن ضبط شدہ سامان کو رکھنے کیلئے فوڈ اتھارٹی کے پاس جگہ کم پڑ چکی ہے جس کے باعث سامان کھلے آسمان تلے رکھا جانے لگا ہے۔
چربی سے آئل بنانے میں استعمال ہونیوالے ضبط کیئے گئے کڑاہے ڈکلیئرڈ پارکنگ ایریا میں رکھ دیئے گئے ہیں، کاہنہ اور ٹھوکر میں موجود 2 ویئر ہاوسز میں جگہ نہ ہونے کے باعث متعلقہ سامان کی نیلامی کیلئے فوڈ اتھارٹی کا پراسس بھی جاری ہے لیکن تاحال اتنے بڑے کڑاہوں کو رکھنے کیلئے فوڈ اتھارٹی کے پاس جگہ نہیں۔