جنرل پوسٹ آفس کا وقت تھم گیا

جنرل پوسٹ آفس کا وقت تھم گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( عمر اسلم ) گھڑی خراب ہوگئی یا سیل ختم، پوسٹ ماسٹرجنرل آفس کی عمارت پر آویزاں گھڑی کا وقت ہی خراب ہوگیا، کسی بھی وقت جائیں گھڑی پر گیارہ بجے کا ہی وقت ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور شہر کی اہم ترین شاہراہ لوئرمال روڈ پر پوسٹ ماسٹر جنرل آفس کی عمارت پر آویزاں گھڑی خراب ہوگئی ہے۔ وقت صبح کاہو یا شام کا، پوسٹ ماسٹر جنرل آفس کی عمارت پر لگی گھڑی گیارہ بج کر پانچ منٹ کا وقت ہی شہریوں کو بتائے گی۔

اہم شاہراہ پر ہونے کی وجہ سے اکثر شہری اس گھڑی سے وقت دیکھتے ہیں۔ شہریوں کا گھڑی خراب ہونے کے حوالے سے کہنا ہے کہ اہم شاہراہ پر لگی گھڑی کو فوری ٹھیک کروایا جائے۔

ادھر قرطبہ چوک پر ایک کروڑ سے زائد کی لاگت سے تعمیر کیا گیا کلاک ٹاور انتظامیہ کی عدم توجہی کا شکار ہے۔ کلاک ٹاور شہر کے حسن کو چار چاند لگانے کے لیے اور راہگیروں کو وقت بتانے کے لیے تعمیر کیا گیا تھا۔ کلاک ٹاور پر نصب گھڑیال شہریوں کو وقت بتانے سے قاصر ہے، جب بھی یہاں سے گزریں، گزشتہ کئی روز گھڑیال کی سوئیاں 11 بجکر 20 منٹ پر ہی ساقط نظر آرہی ہیں۔

انتظامیہ کی نظروں سے عوامی مسائل کی طرح کلاک ٹاور بھی اوجھل ہوگیا۔ شہر کے اہم ترین چوراہے پر نصب کلاک ٹاور نے متعلقہ ادارے کی کارکردگی کی قلعی کھول دی۔ کلاک ٹاور شہریوں کو وقت بتانے کے مقصد میں محض اس لیے ناکام ہے کہ وہ متعلقہ سرکاری مشینری کی ترجیحات میں شامل نہیں ہوسکا۔