ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعظم کا خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن پر اہم پیغام

وزیراعظم کا خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن پر اہم پیغام
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن (25 نومبر 2025) کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان دنیا بھر کے ساتھ مل کر خواتین کے خلاف ہر طرح کے تشدد کے خاتمے کے لیے اپنی آواز بلند کر رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس سال یہ دن "خواتین کے خلاف ڈیجیٹل تشدد کے خاتمے کے لیے متحد" کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، جو اس بات کی جانب توجہ دلاتا ہے کہ جدید دور میں خواتین کو آن لائن پلیٹ فارمز پر بھی ہراسانی اور تشدد کے مختلف صورتوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن اس عزم کی تجدید کا موقع ہے کہ ہم متحد ہو کر ایسے رویوں کی روک تھام کے لیے ہر ممکن کوشش کریں،خواتین پر تشدد اور ہراسانی کے واقعات انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہیں اور یہ معاشرتی ترقی، امن اور خوشحالی کی راہ میں بڑی رکاوٹ بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان خواتین کی عزت، تکریم اور برابری کے حقوق کی واضح ضمانت دیتا ہے، تاہم معاشرے میں خواتین کو اب بھی مختلف قسم کے امتیازی رویوں کا سامنا ہے، جنہیں جڑ سے ختم کرنا ضروری ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ حکومت پاکستان عالمی معاہدات کے تحت خواتین کی حفاظت اور بااختیار بنانے کے لیے قانون سازی، پالیسی سازی، انتظامی اور ادارہ جاتی سطح پر بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ ان میں وزیراعظم کا خواتین کو بااختیار بنانے کا خصوصی پیکج بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ تشدد کا شکار خواتین کے لیے مددگار اداروں کو مضبوط بنایا جا رہا ہے، جن میں قومی کمیشن برائے انسانی حقوق، قومی کمیشن برائے حقوقِ اطفال، قومی کمیشن برائے خواتین، خواتین پولیس اسٹیشنز، ویمن پروٹیکشن سینٹرز اور ہیلپ لائنز شامل ہیں۔ اسی طرح متاثرہ خواتین کو قانونی اور مالی معاونت کی فراہمی بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ صرف حکومتی قانون یا پالیسی کافی نہیں، جب تک معاشرے میں مجموعی طور پر خواتین کے تحفظ کو ترجیح نہیں بنایا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مذہبی، ثقافتی اور تہذیبی اقدار بھی خواتین کے احترام، تحفظ اور برابری کی تلقین کرتی ہیں۔

انہوں نے تمام شہریوں، نوجوانوں، اساتذہ، سماجی اور مذہبی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ خواتین پر تشدد اور استحصال کے خلاف متحد ہو جائیں۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت متعلقہ اداروں، سول سوسائٹی اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر پاکستان میں خواتین کے لیے محفوظ، انصاف پسند اور برابری پر مبنی معاشرہ یقینی بنائے گی۔