طاہر جمیل:عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر کو صاف، منظم اور محفوظ رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی زیرِ نگرانی فیلڈ آپریشنز جاری ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سگیاں، شاہ پور کانجراں، ایل ڈی اے سٹی، واہگہ، برکی روڈ اور رائے ونڈ میں قائم مویشی منڈیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز تمام تحصیلوں میں ماڈل مویشی منڈیوں کی انسپکشن میں مصروف ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق شاہ پور مویشی منڈی میں 168 جدید کیمروں کے ذریعے سکیورٹی مانیٹرنگ جاری ہے جبکہ منڈیوں میں لائیو سٹاک ہیلتھ کیمپس اور فیلڈ ہسپتال بھی فعال کر دیے گئے ہیں۔ بیوپاریوں اور شہریوں کے لیے پینے کے صاف پانی سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
عیدالاضحیٰ کے لیے زیرو ویسٹ پالیسی کے تحت گرینڈ پلان پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ لاہور بھر میں 50 سے زائد یونین کونسل کیمپس کے ذریعے ویسٹ بیگز تقسیم کیے جا رہے ہیں جبکہ ہر یونین کونسل میں آلائشوں کی تلفی کے لیے 1200 بیگز فراہم کیے گئے ہیں۔ مختلف علاقوں میں آلائشیں جمع کرنے کے لیے خصوصی کلیکشن پوائنٹس بھی قائم کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر غیر قانونی مویشی منڈیوں اور سیل پوائنٹس کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ سبزہ زار اور برکی روڈ پر قائم غیر قانونی سیل پوائنٹس مسمار کر دیے گئے جبکہ غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز اور مویشی منڈیوں کے خلاف کارروائی کے دوران درجنوں افراد کو گرفتار کیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ آلائشیں اور سری پائے جلانے والوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ عید کے ایام میں بھی فیلڈ میں موجود رہ کر مویشی منڈیوں اور صفائی آپریشن کی نگرانی یقینی بنائیں۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کا کہنا ہے کہ شہریوں کو عید پر صاف اور منظم ماحول فراہم کیا جائے گا جبکہ مویشی منڈیوں میں مثالی انتظامات کے ذریعے بیوپاریوں اور شہریوں کو بہترین سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ زیرو ویسٹ مشن کی کامیابی کے لیے انتظامیہ ہمہ وقت متحرک ہے اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔