ویب ڈیسک: مشیرِ وزیراعظم رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ حکومت کے زیر غور ایسی کوئی آئینی یا قانونی ترمیم موجود نہیں جس کے تحت نوجوانوں سے حقِ رائے دہی واپس لیا جائے۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت خطے سمیت دنیا میں امن کے قیام کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے اور عالمی برادری بھی امن و استحکام کیلئے اس خطے کی جانب دیکھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آج اپنے قیام کے بنیادی مقاصد کی تکمیل کی جانب بڑھ رہا ہے اور ملک دفاعی لحاظ سے مضبوط ایٹمی قوت بن چکا ہے، جو اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
رانا ثنا اللہ کے مطابق اگر ایران اور امریکا کے درمیان معاملات بہتر ہوتے ہیں تو عالمی سطح پر پیٹرول اور گیس کی قیمتوں میں کمی آسکتی ہے، جس کے مثبت اثرات پاکستان کی معیشت پر بھی پڑیں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں مہنگائی اور معاشی مشکلات میں کمی آئے گی، جبکہ آئندہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے خصوصی پیکج بھی تیار کیا جا رہا ہے۔