رانا فاران یامین: تھانہ سندر کی حدود سے اغوا ہونے والے پریمی جوڑے کو گجرات میں غیرت کے نام پر قتل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق 22 سالہ حسن سلیم اور 19 سالہ عائشہ رزاق کی لاشیں سرائے عالمگیر کے علاقے سے برآمد ہوئیں جنہیں سروں میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولین کا تعلق ضلع جہلم سے ہے اور دونوں نے 20 مئی کو لاہور میں پسند کی شادی کی تھی۔ شادی کے بعد جوڑا لاہور کے علاقے بحریہ ٹاؤن میں تھانہ سندر کی حدود میں رہائش پذیر تھا۔
پریمی جوڑے کے اغواء کا مقدمہ عائشہ کے رشتہ دار کی مدعیت میں تھانہ سندر میں درج کیا گیا تھا جبکہ عائشہ رزاق کے اغواء کا ایک اور مقدمہ تھانہ ڈومیلی میں والد کی مدعیت میں بھی درج تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ غیرت کے نام پر قتل کی واردات ہے جس میں دونوں نوجوانوں کو اغوا کے بعد سرائے عالمگیر لے جا کر قتل کیا گیا۔
پریمی جوڑے کی لاشیں جناح ہسپتال لاہور کے مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہیں جبکہ پولیس نے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔