سٹی42: یوم پاکستان کے حوالے سے شکرپڑیاں گراؤنڈ میں پریڈ کا آغاز ، تینوں مسلح افواج اور سکیورٹی فورسز کے دستوں کی شرکت، پریڈ میں فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا جائے گا جبکہ جنگی جہاز فضائی کرتب کا مظاہرہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان کے حوالے سے شکرپڑیاں گراؤنڈ میںپریڈ کا آغاز ہوگیا جس میں تینوں مسلح افواج اور سکیورٹی فورسز کے دستے شریک ہیں۔تقریب کے مہمان خصوصی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر دفاع پرویز خٹک، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف آرمی سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نشان امتیاز ملٹری، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نشان امتیاز ملٹری، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی، وائس چیف آف ایئر سٹاف ایئر مارشل سید نعمان علی موجود ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کورونا کے مرض کی وجہ سے پریڈ میں شرکت نہیں سکے۔
تقریب میں سول و فوجی قیادت اور غیر ملکی شخصیات بھی شریک ہیں۔ پریڈ میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے وفود شریک ہیں۔ پریڈ میں فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا جائے گا جبکہ جنگی جہاز فضائی کرتب کا مظاہرہ کریں گے۔ جڑواں شہروں میں مقامی تعطیل ہے جبکہ موبائل فون سروس بھی بند ہے۔ موسم کی خرابی کے باعث 23 مارچ کو پریڈ نہیں ہوسکی تھی۔