ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اکبری مٹن بنانے کی آسان اور مزیدار ترکیب

اکبری مٹن بنانے کی آسان اور مزیدار ترکیب
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: اکبری مٹن ایک خوش ذائقہ اور مصالحے دار ڈش ہے جسے گھر میں آسانی سے تیار کیا جا سکتا ہے۔

 اس کے لیے ایک کلو بکرے کا گوشت لے کر اچھی طرح دھو کر رکھ لیں۔ دو درمیانے سائز کی پیاز باریک کاٹ لیں، اسی طرح دو ٹماٹر، ہرا دھنیا اور تین سے چار ہری مرچیں بھی تیار کر لیں۔

ایک فرائنگ پین میں چار سے چھ بڑے چمچ تیل ڈال کر درمیانی آنچ پر گرم کریں۔ اس میں کٹی ہوئی پیاز شامل کریں اور پانچ سے سات منٹ تک فرائی کریں یہاں تک کہ پیاز ہلکی سنہری ہو جائے۔ اب دو بڑے چمچ ادرک لہسن کا پیسٹ، ایک چھوٹا چمچ پسی ہوئی ہری مرچ اور گوشت شامل کر کے اچھی طرح بھونیں تاکہ گوشت کا اپنا پانی خشک ہو جائے۔

اس کے بعد حسبِ ذائقہ نمک، ایک چھوٹا چمچ لال مرچ پاؤڈر، ایک چھوٹا چمچ کٹی ہوئی لال مرچ، آدھا چھوٹا چمچ دردی پسی کالی مرچ، ایک چھوٹا چمچ ہلدی، ایک چھوٹا چمچ چائنیز نمک اور ایک پیالی دہی شامل کر کے تمام اجزاء اچھی طرح مکس کریں۔ پھر پین کو ڈھانپ کر درمیانی آنچ پر پکنے دیں تاکہ گوشت نرم ہونا شروع ہو جائے۔

جب گوشت آدھا گل جائے تو آدھی پیالی ٹماٹو کیچپ، دو بڑے چمچ براؤن سوس اور آدھا چھوٹا چمچ پسا گرم مصالحہ شامل کریں اور گوشت کو مکمل گلنے تک پکائیں۔

آخر میں کٹے ہوئے ٹماٹر، ہرا دھنیا اور ہری مرچ شامل کر کے چند منٹ دم دیں۔ مزیدار اکبری مٹن تیار ہے، اسے گرم گرم بٹر نان یا تازہ روٹی کے ساتھ پیش کریں۔