ارباز خان: سوئی گیس کی قلت اور کم پریشر کے باعث ایل پی جی کی مانگ میں اضافہ ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمتیں غیر معمولی حد تک بڑھ گئی ہیں۔
شہریوں کے مطابق ایل پی جی سرکاری نرخوں کے بجائے بلیک میں فروخت کی جا رہی ہے۔ سرکاری نرخ 241 روپے فی کلو مقرر ہیں، جبکہ مارکیٹ میں ایل پی جی 410 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ چند روز کے دوران ایل پی جی کی قیمت 330 روپے سے بڑھ کر 370 سے 410 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جس سے گھریلو بجٹ شدید متاثر ہو رہا ہے۔
گیس پریشر میں کمی کے باعث شہری کھانا پکانے کے لیے ایل پی جی استعمال کرنے پر مجبور ہیں، تاہم مہنگی گیس نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
شہریوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی سرکاری نرخوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائی کی جائے۔