ثمرہ فاطمہ: شہر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں علی الصبح مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کے تیسرے سپیل کے تحت 24 سے 27 جولائی کے دوران مزید بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ نے ممکنہ موسلادھار بارشوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 86 فیصد ہے۔ شہر میں 13 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ آسمان پر گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بھی شہر میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، جس کے باعث موسم خوشگوار رہنے کی توقع ہے۔
اطلاعات کے مطابق جیل روڈ، شادمان اور مال روڈ کے اطراف تیز بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ کوٹ لکھپت، ٹاؤن شپ، مغلپورہ، گڑھی شاہو، دھرم پورہ اور ملحقہ علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔
بارش کے باعث مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے، جبکہ شہریوں نے موسم میں آنے والی خوشگوار تبدیلی کا خیرمقدم کیا ہے۔ متعلقہ ادارے نشیبی علاقوں کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔