ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

حماد اظہر کا والد کے انتقال کے بعد والدہ کے ساتھ رہنے کی خواہش کا اظہار

حماد اظہر کا والد کے انتقال کے بعد والدہ کے ساتھ رہنے کی خواہش کا اظہار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما حماد اظہر نے اپنے والد، سابق گورنر پنجاب میاں اظہر کے انتقال کے بعد ایک جذباتی بیان میں عدالت سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے اپنی والدہ کے ساتھ رہنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

حماد اظہر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک بیان جاری کیا جس میں انہوں نے اپنے والد کی وفات پر تعزیت کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اپنی اور اپنے خاندان کی طرف سے ان ہزاروں ساتھیوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میرے والد کے جنازے اور قرآن خوانی میں شرکت کی۔ ان لاکھوں افراد کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے افسوس کے پیغامات بھیجے اور دعا کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین جنہوں نے میاں اظہر مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کیا، وہ ان کے بھی مشکور ہیں۔

حماد اظہر نے اپنے بیان میں لکھا کہ میں اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا، تین بہنوں کا بھائی اور دو کمسن بچوں کا باپ ہوں۔ میرے اہل خانہ، خاص طور پر میری والدہ نے پچھلے دو برس میں ناقابلِ بیان صعوبتیں برداشت کیں۔ اب میری خواہش ہے کہ میں ان کے ساتھ موجود رہوں اور ان کا سہارا بنوں۔
اُن کا کہنا تھا کہ وہ بے گناہ ہیں اور ان کے خلاف درج مقدمات کو "جعلی پرچے" قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ عدالت سے رجوع کریں گے، میں عدالت سے انصاف کا طلبگار ہوں۔ اگر مجھے انصاف مل گیا تو اللہ کا شکر ادا کروں گا، نہ ملا تو صبر اور استقامت سے جبر برداشت کروں گا۔ بے شک اللہ صابرین کا ساتھ دیتا ہے۔
یاد رہے کہ حماد اظہر نے عدالت میں رضاکارانہ طور پر سرنڈر کرنے اور ضمانت کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے اپنی قانونی ٹیم اور قریبی ساتھیوں سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔