ویب ڈیسک: مشہور ٹک ٹاکر سمیرا راجپوت پراسرار حالات میں جاں بحق ہو گئیں جبکہ ان کے اہل خانہ نے سابق شوہر پر قتل کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سمیرا راجپوت کے بھائی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی بہن کو سابق شوہر نے مبینہ طور پر زہر دے کر قتل کیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے دو ملزمان علی راجپوت اور عدنان راجپوت کو حراست میں لے لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا گیا جس پر لواحقین نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد ای سیکشن پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا جس کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سمیرا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے جو واقعے کی حقیقت کو سامنے لانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
یاد رہے کہ سمیرا راجپوت ایک مقبول سوشل میڈیا انفلوئنسر تھیں اور ان کی ویڈیوز کو لاکھوں افراد دیکھتے تھے۔ سوشل میڈیا صارفین نے ان کی ناگہانی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انصاف کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔