335 پیٹرول پمپ سیل،عوام سے تعاون کی اپیل

335 پیٹرول پمپ سیل،عوام سے تعاون کی اپیل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(رضوان نقوی)رپورٹ کرپشن ایپ پر موصول ہونے والی شکایات پر اینٹی کرپشن کی پنجاب بھر کے پٹرول پمپس کی اچانک چیکنگ شروع کردی،خصوصی مہم میں رواں ماہ کے دوران تاحال پنجاب بھر میں 1ہزار 632پٹرول پمپس چیک جبکہ ہیراپھیری میں ملوث 335سیل کردیئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق ناپ تول میں کمی کرکے عوام کو دھوکہ دہی سے لوٹنے والے پٹرول پمپس کےخلاف لاہور سمیت پنجاب بھر میں جاری خصوصی مہم کے تحت رواں ماہ کے دوران پنجاب بھر میں 1ہزار 632پٹرول پمپس چیک کئے گئے۔ پٹرول پمپس پر ناپ تول ،کوالٹی اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔ ناپ میں کمی ثابت ہونے پر مختلف شہروں میں 335 پٹرول پمپس سیل کئے گئے۔

پنجاب کے مختلف اضلاع میں جاری مہم کے دوران مختلف پٹرول پمپس کو 37 لاکھ 87 ہزار روپےجرمانہ کیاگیا۔خصوصی مہم کے دوران ڈی جی اینٹی کرپشن کی ہدایت پر لاہور ریجن اے میں 23 اور ریجن بی میں72 پٹرول پمپس کو سیل کیا گیا۔اینٹی کرپشن گوجرانوالہ ریجن میں84 فیصل آباد میں 46اور سرگودھا میں 7پٹرول پمپس کو سیل کیا گیا۔اینٹی کرپشن نے ساہیوال میں 24ملتان میں57 بہاولپور میں 3راولپنڈی میں ایک اور ڈیرہ غازی خان میں 18پٹرول پمپس کو سیل کیا۔

اینٹی کرپشن نے محکمہ انڈسٹریز کے افسران کے ہمراہ مختلف پٹرول پمپس کی چیکنگ کی۔ڈی جی اینٹی کرپشن محمد گوہر نفیس نے کہا ہے کہ عوام رپورٹ کرپشن ایپ پر کرپٹ عناصر کی نشاندہی کریں،عوامی مفادات کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

دوسری جانب  لاہور شہر میں اینٹی کرپشن نے قانون کی گرفت سے بچنے والے ملزمان کی نشاندہی شروع کردی کرتے گھیرا تنگ کردیا،ڈائریکٹر اینٹی کرپشن احمر سہیل کیفی نے اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے تمام افسروں کو زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل درآمد کی ہدایت کی ہے۔ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن محمد گوہر نفیس نے لاہور سمیت صوبہ بھر کے ریجنل ڈائریکٹرز کو اشتہاریوں کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کی ہدایت کردی ہے۔

M .SAJID .KHAN

Content Writer