ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ نون کے امیدواروں کی جیت عوام کے اعتماد کی مظہر ہے، شہباز شریف 

Shahbaz Sharif, City42 , By Election, Pakistan Muslim League, City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: وزیراعظم شہبازشریف نے قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر کامیاب ہونے والے امیدواروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے مبارکباد کے پیغام میں کہا کہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے نومنتخب ارکان کی جیت عوام کے اعتماد کا مظہر ہے، مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے والے عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معاشی بہتری کے واضح ہوتے آثار کے ساتھ عوامی رائے میں تبدیلی بھی نمایاں ہو رہی ہے، معاشی بہتری اور عوامی ریلیف میں اضافے کے ساتھ آنے والے وقت میں عوامی رائے مزید تبدیل ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ عالمی مالیاتی اداروں، خبر رساں اداروں اور سروے میں معاشی بہتری کی پیش گوئیوں نے بھی عوام کی رائے پر مثبت اثر ڈالا ہے، 8 فروری کے بعد اپوزیشن کے غیرسیاسی رویوں نے بھی اُن کے حامیوں اور عوام کو بد دل اورمایوس کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی کامیابی معیشت کی بحالی، مہنگائی میں کمی اور خارجہ تعلقات کی بہتری کیلئے حکومتی خدمات کا عوامی اعتراف ہے۔ عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے، پوری دیانت داری اور محنت سے ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔

  ہار جیت انتخابی عمل کا حصہ ہے، الزامات کی  بجائے سیاسی تعاون کی راہ اپنانا ہی جمہوری رویہ ہے، انتخابی عمل میں خامیوں اور اعتراضات کو باہمی تعاون اور سیاسی بات چیت سے ہی دور کیا جاسکتا ہے۔

اتوار 21 اپریل کو  قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر  ضمنی انتخاب میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) اب تک کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی کی دو نشستوں سمیت پنجاب اسمبلی کی 12 میں سے 7 سیٹیں حاصل کرچکی ہے جبکہ اتحادی جماعتیں ق لیگ اور استحکام پاکستان پارٹی بھی ایک ایک صوبائی نشست حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کو پنجاب اسمبلی کی ایک نشست پر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ 

قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی،  پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی اور نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔