ویب ڈیسک : پنجاب میں ہسپتالوں کی سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کیلئے ایک اہم فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے تحت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے انتظامی کنٹرول میں آنے والے تمام ہسپتالوں کے ایمرجنسی اور او پی ڈی میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے ساتھ لازمی طور پر منسلک کیا جائے گا۔
محکمہ صحت کے جاری کردہ ہدایات کے مطابق تمام متعلقہ ہسپتال پنجاب سیف سٹی اتھارٹی لاہور کی ٹیموں کو مکمل تعاون اور سہولیات فراہم کرنے کے پابند ہوں گے تاکہ کیمروں کے انضمام کا عمل بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کیا جا سکے۔ جاری کردہ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ موجودہ سی سی ٹی وی کیمروں کو سیف سٹی اتھارٹی کے سسٹم کے ساتھ مربوط کرنے کے ساتھ ساتھ جہاں ضرورت محسوس کی جائے، وہاں نئے سکیورٹی کیمروں کی تنصیب بھی عمل میں لائی جا سکے گی۔
جاری کردہ مراسلے میں تمام میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، میڈیکل کالجز، سپیشلائزڈ میڈیکل اداروں، نرسنگ اور الائیڈ ہیلتھ اداروں کے پرنسپلز، ڈینز، ای ڈی ز، ایچ او آئیز اور تدریسی ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو احکامات پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ہسپتالوں میں سکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانا، مریضوں اور طبی عملے کے تحفظ کو یقینی بنانا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی فوری نگرانی اور تدارک ممکن بنانا ہے۔
