ویب ڈیسک:شاہدرہ پولیس پتنگ فروشوں کیخلاف کارروائی کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کرلیاگیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کو دوران کارروائی مختلف مقامات سے گرفتار کیا گیا۔
ملزمان سے 300 پتنگیں اور ڈور کی10 چرخیاں برآمد کرکے مقدمات درج کر لئے گئے۔
دوسری جانب ایک اور کارروائی کے دوران بذریعہ ڈاک غیر قانونی پتنگیں اور ڈور کے پارسل کی سپلائی ناکام بنا دی گئی۔
خفیہ اطلاع پر پولیس نے خطرناک کیمیکل ڈور کی ترسیل ناکام بنادی۔غیر قانونی پتنگ و ڈور کے پارسل خیبر پختونخوا سے لاہور میں ڈیلیور کئے جارہے تھے۔
پارسل سے 60 کیمیکل چرخیاں اور 125 سے زائد گڈے برآمد کر لئے گئے۔
ذہن نشین رہے کہ حکومتِ پنجاب نے ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر 6 فروری کو لاہور میں بسنت کے موقع پر مقامی تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے، تاکہ شہری بھرپور انداز میں بسنت کی تقریبات میں حصہ لے سکیں اور جشن کو محفوظ اور منظم بنایا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ نے بسنت کے پیش نظر تعطیل کی تجویز دی تھی، جس کی منظوری پنجاب حکومت نے دے دی ہے۔ اس فیصلے کے بعد لاہور میں جمعرات، جمعہ، ہفتہ اور اتوار ملا کر چار دن کی تعطیلات ہوں گی، جس سے شہریوں کو لانگ ویک اینڈ میسر آئے گا۔
حکام کے مطابق جمعرات، ہفتہ اور اتوار کی چھٹیاں پہلے سے طے تھیں، جبکہ صوبائی حکومت نے جمعہ المبارک کو بھی تعطیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد بسنت کے دوران ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنا اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لاہور نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ 18 سال سے کم عمر بچے بسنت کی تقریبات اہلخانہ کے ہمراہ منائیں، تاکہ روایتی تہوار کے دوران تحفظ اور نظم و ضبط کو یقینی بنایا جا سکے۔