علی رامے : نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سمن آباد موڑ انڈر پاس پراجیکٹ 15 اپریل تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دیدی۔ 24گھنٹے کام کرنے اور پلان بناکرمنصوبہ وقت سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیراعلٰی پنجاب محسن نقوی نےسمن آباد موڑ انڈر پاس پراجیکٹ کی تکمیل کیلئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لانےکی ہدایت کی ہے۔مشینری اور لیبر کی تعداد بڑھاکر منصوبےکی تکمیل وقت سے قبل یقینی بنانےکی ہدایت کی گئی ہے۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ وقت سے قبل منصوبہ مکمل ہونے سے شہریوں کوآمدورفت میں بے پناہ آسانی ہوگی۔وزیراعلی پنجاب نے ہدایات کی ہیں کہ منصوبے پر کام کے دوران ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لئے موثر ٹریفک مینجمنٹ پلان پر عمل یقینی بنایا جائے۔
سمن آباد انڈر پاس بننے سے سمن آباد،گلشن راوی،توحید پارک،ملتان روڈ، چوبرجی،چوک یتیم خانہ اور ملحقہ علاقوں کے لوگوں کو آمد و رفت میں آسانی ہوگی۔ طویل سمن آباد انڈر پاس 2ارب3کروڑروپے کی لاگت سے مکمل ہو گا۔واضح رہے کہ پہلے اس منصوبے کو مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن30 ستمبر تھی۔