عابد چودھری:لاہور شادمان کے علاقے میں شوہر کے ہاتھوں بیوی کے قتل کی اندوہناک واردات پیش آئی ہے۔
پولیس نے مقدمہ مقتولہ کے شوہر، ساس اور تین دیوروں کے خلاف درج کر لیا ہے،مقدمہ تھانہ شادمان میں مقتولہ کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مدعی کا کہنا ہے کہ انہوں نے 12 سال قبل اپنی بیٹی کو شادی کے وقت 150 تولہ سونا پہنایا تھا۔ والد کے مطابق شوہر اور سسرال کے افراد بیٹی کو اکثر تنگ کرتے اور لڑائی جھگڑا کرتے تھے۔
مدعی نے بیان دیا کہ بیٹی کا گھر بسانے کے لیے ڈیفنس میں کمرشل پلاٹ اور دکان بھی خرید کر دی، تاہم اس کے باوجود ملزمان مزید ساڑھے 3 کروڑ روپے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ ایف آئی آر کے مطابق ایک کروڑ روپے مدعی نے اپنے ملازم کے ذریعے مرکزی ملزم اسماعیل کو بھجوائے۔
مدعی کے مطابق ملزم اسماعیل مقتولہ کی گاڑی فروخت کرنا چاہتا تھا جس پر جھگڑا ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم اسماعیل کو گزشتہ روز گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔