ویب ڈیسک: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی طرف سے 28 دسمبر کو اجلاس بلانے کی نئی حکمتِ عملی سامنے آ گئی۔
تفصیلات کے مطابق نئی حکمتِ عملی کے تحت پی ٹی آئی ارکانِ قومی اسمبلی کا کل استعفوں کی تصدیق کے لیے پیش نہ ہونے کا امکان ہے۔عمران خان نے 28 دسمبر کو پارٹی ارکانِ قومی اسمبلی کا کے پی ہاؤس اسلام آباد میں اجلاس طلب کر رکھا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان پی ٹی آئی کے ارکانِ قومی اسمبلی کے اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے، کے پی کے ہاؤس میں جمع ہونے کے بعد تمام ممبران پارلیمنٹ ہاؤس جائیں گے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ تحریکِ انصاف کے ارکان استعفوں کے لیے شاہ محمود قریشی کی قیادت میں اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہوں گے، اس موقع پر غیر حاضر ارکان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میری پیشگوئی ہے کہ انتخابات مارچ یا اپریل میں ہو جائیں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت میں آنے کے لیے کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا، اقتدار کی خاطر عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچاؤں گا۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس سے پہلے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پیر کو اپنے ارکانِ قومی اسمبلی کو پیش ہونے کے لیے کہا تھا۔