ارباز خان: لاہور کے علاقے رسول پارک کچا چیل روڈ میں پانی کی بندش نے شدت اختیار کر لی، گزشتہ پانچ روز سے پانی کی فراہمی معطل ہونے کے باعث علاقہ مکین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
رہائشیوں کے مطابق گھروں کے نلکے سوکھ چکے ہیں اور انہیں دور دراز علاقوں سے پانی لانے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ پانی کی عدم دستیابی کے باعث روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
مکینوں کا کہنا ہے کہ بارہا شکایات کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے صرف یقین دہانیاں کروائی جا رہی ہیں جبکہ مسئلہ تاحال حل نہیں ہو سکا۔
متاثرہ شہریوں نے بتایا کہ گھروں میں پانی نہ ہونے کے باعث بچوں کی سکول سے چھٹیاں ہو رہی ہیں جبکہ بعض افراد کو بنیادی ضروریات جیسے منہ دھونے کیلئے بھی عزیز و اقارب کے گھروں کا رخ کرنا پڑ رہا ہے۔
اہل علاقہ نے متعلقہ اداروں سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سنگین مسئلے کا جلد از جلد حل نکالا جائے۔