عابد چوہدری: ایس ایس پی سید عبدالرحیم شیرازی نے چیف ٹریفک آفیسر ( سی ٹی او) لاہور کا چارج سنبھال لیا۔ سی ٹی او آفس پہنچنے پر ٹریفک پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔
چارج سنبھالنے کے بعد سید عبدالرحیم شیرازی نے ٹریفک پولیس کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ شہریوں کو محفوظ اور بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہوگی۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے جبکہ تمام ٹریفک اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روڈ یوزرز کے ساتھ خوش اخلاقی اور بہترین رویہ اپنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔
پیشہ ورانہ پس منظر کے مطابق سید عبدالرحیم شیرازی کا تعلق 36ویں کامن سے ہے اور انہوں نے 2009 میں پولیس سروس آف پاکستان میں بطور اے ایس پی شمولیت اختیار کی۔ وہ 2021 میں قائد اعظم پولیس میڈل بھی حاصل کر چکے ہیں۔
اپنے کیریئر کے دوران وہ سکھر میں اے ایس پی، ایس پی سی آر او، ایس پی سی آئی اے، ایس ایس پی ایسٹ کراچی، ایس ایس پی ضلع لاڑکانہ سمیت مختلف اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ سی پی او لاہور میں اے آئی جی ویلفیئر پنجاب اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ کراچی کے طور پر بھی فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔