ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کفایت شعاری مہم: سرکاری اخراجات میں بڑی کمی، 77 کروڑ کی بچت

 کفایت شعاری مہم: سرکاری اخراجات میں بڑی کمی، 77 کروڑ کی بچت
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

رائو دلشاد: وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی کفایت شعاری مہم کے تحت پنجاب اسمبلی میں سرکاری اخراجات میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

کفایت شعاری اقدامات کے نتیجے میں پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے 77 کروڑ روپے کی خطیر بچت خزانے میں سرنڈر کر دی ہے۔ سپیکر ملک محمد احمد پہلے ہی اپنی تنخواہ اور سرکاری مراعات نہ لینے کا اعلان کر چکے ہیں۔

پروٹوکول کے نظام میں بھی سادگی اپنائی گئی ہے اور سپیکر اسمبلی کی جانب سے ذاتی گاڑیوں کے استعمال کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ اسی مہم کے تحت ارکان پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں کٹوتی کی گئی ہے جبکہ گریڈ 20 سے اوپر کے افسران کی دو روزہ تنخواہ بھی منقطع کی گئی ہے۔

سرکاری گاڑیوں کے پٹرول اخراجات میں 50 فیصد کمی کی گئی ہے جبکہ کفایت شعاری اقدامات کے باعث پنجاب اسمبلی میں بجلی کے استعمال میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ دو ماہ کے دوران ایک لاکھ 11 ہزار سے زائد بجلی یونٹس کی بچت کی گئی۔

مزید بتایا گیا ہے کہ اسمبلی میں غیر ضروری خریداری پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے اور کسی قسم کی نئی پروکیورمنٹ نہیں کی جا رہی۔ غیر ملکی سرکاری دوروں پر بھی مکمل پابندی لگا دی گئی ہے۔

سرکاری تقریبات اور انٹرٹینمنٹ اخراجات میں نمایاں کمی کی گئی ہے جبکہ سٹینڈنگ کمیٹیوں کے اجلاس ٹیلی کانفرنسنگ کے ذریعے منعقد کیے جا رہے ہیں۔

مجموعی طور پر کفایت شعاری مہم کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور حکام کے مطابق یہ اقدامات سرکاری وسائل کے مؤثر استعمال کی جانب اہم پیش رفت ہیں۔