راؤدلشادحسین: اشیاءخورونوش کی خریداری کےلئےشہریوں کی کثیر تعداد رمضان بازاروں میں امڈ آئی، رمضان بازاروں کو لگے پندرہ روزہ مکمل لیکن لمبی قطاریں ختم نہ ہوسکیں،شہریوں نے سہولیات بڑھانےکا بھی مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق گلشن راوی، وحدت کالونی اور ندیم شہید روڑ کے سستے رمضان بازاروں میں چینی، آٹے کے سٹالز اور فیئرپرائس شاپس پر شہریوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔ رمضان بازاروں میں کورونا ایس او پیز کی دھجیاں بکھیر دی گئیں، کرسیاں لگ گئیں لیکن قطاریں ختم نہ ہوسکیں۔ چینی کی خریداری کےلئے تاحد نگاہ شہری قطاروں میں کھڑے رہے۔ شہریوں کاکہناہےکہ چینی کو عام مارکیٹ سستے داموں فروخت کرایا جائے تو رش بھی کم ہوگا۔
رمضان سے قبل 60 سے 80 روپے فی کلو فروخت ہونے والا لیموں 280 روپے فی کلو جبکہ سبزیوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔ ٹینڈے 100، مونگرے , مٹر 116 روپے، اروی 115, بھنڈی 103، گھیا توری 75 روپے فی کلو ، ادرک 305، لہسن چائنہ 152 روپے،آلو 44 ، پیاز 23 ، ٹماٹر 38 اور پھول گوبھی 46 روپے فی کلو میں فروخت ہوئی۔پھلوں میں سیب کالاگلو 165، کیلا 150, سٹابری 130, امرود 120, لوکاٹھ 140 اور انار 280 روپے فی کلو میں فروخت ہورہے ہیں۔
دوسری جانب ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے رمضان بازار تاجپورہ تحصیل کینٹ، شادمان رمضان بازار،سنگھ پورہ تحصیل شالیمار رمضان بازار میں سرکاری نرخوں پر عملدرآمد اور ریٹ لسٹ کو نمایاں جگہ پر آویزاں کرنے کا جائزہ لیا۔ آلو، لہسن، پیاز، ٹماٹر، بینگن، سویاں اور دیگر اشیاء ضروریہ اور گوشت کے سٹالز پر قیمتوں کو چیک کیا ۔ شاہد عباس کاٹھیا نے چینی اور آٹا کی قیمتوں کو چیک کیا۔ رمضان بازاروں میں خریداری پر آئے ہوئے لوگوں سے بات چیت بھی کی۔شہریوں نے تسلی بخش جوابات دئیے، رمضان بازاروں میں بہترین انتظامات کرنے پر ضلعی انتظامیہ لاہور کو سراہا۔