مال روڈ (علی اکبر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے لاک ڈاؤن میں توسیع ناگزیر ہے، فیصلہ اجتماعی مشاورت سے کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا کے باعث دنیا کی سیاست بدل گئی، بد قسمتی سے اپوزیشن کا منفی رویہ نہیں بدلا، اپوزیشن جماعتوں کی اہم ترین مسئلے پر سیاست چمکانے کی منفی کوشش بری طرح ناکام ہوئی، مایوس اپوزیشن نے عوام کو مایوس کیا، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کورونا کی روک تھام کیلئے فیصلے اجتماعی بصیرت اور مشترکہ طورپر کئے گئے، صورتحال پر پوری نظر ہے۔
انہوں نے کہا کہ خالی بیان بازی کرنیوالے عام آدمی کا دکھ درد کیا جانیں، زبانی جمع خرچ سے عوام کا ساتھ دیا جاسکتا ہے نہ عوام آپکے ساتھ کھڑی ہو سکتی ہے، یہ وقت دکھی انسانیت کی خدمت کا ہے، سب کو یکجا ہو کر کورونا وبا کے لئے کام کرنا ہے، گھر میں رہناسب سے بہتر آپشن ہے، شہری احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کا تحفظ یقینی بنائیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے رمضان المبارک کی آمد پر قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں والا مہینہ ہے، رمضان المبارک میں مزید محتاط رہنے کی ضرورت ہے، کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے شہری گھر میں عبادات کو ترجیح دیں۔
انہوں نے کہاکہ میں خود بھی گھر میں نماز پنجگانہ اور نماز تراویح ادا کروں گا، رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں قوم اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہو کر توبہ استغفار اور کورونا وباء کے خاتمے کے لئے خلوص نیت سے دعا کرے۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیراعلیٰ آفس میں صنعت سے وابستہ شخصیات نے ملاقات کی اور وزیراعلیٰ پنجاب کو کوروناسے متعلقہ ضروری سامان کا عطیہ دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مشکل گھڑی میں ضروری سامان کاعطیہ دینے پر شخصیات کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ آزمائش کے وقت متاثرہ لوگوں کی مددکا جذبہ قابل ستائش ہے، پاکستانی قوم نے ہمیشہ مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی دل کھول کر مدد کی ہے، یہ وقت دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کا ہے، سب کو یکجا ہو کر کورونا وبا کے لئے کام کرنا ہے۔