ویب ڈیسک :لاہور: چیئرمین ڈرگ کورٹ لاہور نے غیر قانونی اشتہارات اور بغیر لائسنس ادویات فروخت کرنے کے مقدمے میں ملوث ٹک ٹاکر حکیم شہزاد کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے انہیں 2 اکتوبر کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
حکیم شہزاد آج بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ دورانِ سماعت عدالت کو بتایا گیا کہ حکیم شہزاد کے بیٹے نے جعلی مچلکے عدالت میں جمع کروائے۔ اس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جعلی مچلکے جمع کروانے پر قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔
یاد رہے کہ ٹک ٹاکر حکیم شہزاد پر بغیر اجازت و لائسنس ادویات فروخت کرنے اور غیر قانونی اشتہارات چلانے کا مقدمہ درج ہے۔ ان کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مبینہ طور پر غیر تصدیق شدہ و بے بنیاد دعوؤں پر مبنی ویڈیوز وائرل ہو چکی ہیں، جن میں ادویات کے ذریعے مختلف بیماریوں کے علاج کا دعویٰ کیا جاتا ہے۔
چیئرمین ڈرگ کورٹ نے اس تمام معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے حکیم شہزاد کو آئندہ سماعت پر ہر صورت عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔