(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی ٹیم کے آل راؤنڈر حسن علی نے ٹی20 ورلڈکپ میں بھارت کیخلاف بڑے میچ سے قبل مشہور زمانہ ملی نغمہ ’دل دل پاکستان‘ گا کر سب کے دل جیت لیے ۔
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں آج پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی اور دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے مقابلے کے لیے جہاں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے بھرپور تیاری کر رکھی ہے وہیں شائقین کرکٹ بھی اس میچ کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
قومی ٹیم کے آل راؤنڈر حسن علی جہاں گراؤنڈ میں اپنی کارکردگی اور اپنے خوشی منانے کے انداز سے تماشائیوں کو محظوظ کرتے ہیں وہیں وہ گراؤنڈ کے باہر بھی ایک دلچسپ شخصیت کے مالک ہیں۔ آج بھارت کے خلاف بڑے میچ سے قبل آئی سی سی نے حسن علی کی ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں انہیں گٹار ہاتھ میں اٹھائے ملی نغمہ گاتے سنا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں حسن علی کو پہلے یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ مجھے گٹار بجانا نہیں آتا لیکن پھر وہ ’دل دل پاکستان‘ نغمہ گنگناتے ہیں اور ساتھ گٹار بھی بجاتے ہیں، آخر میں حسن علی کو ’اوئے میری فنگرز ہرٹ ہو گئیں‘ کہتے بھی سنا جا سکتا ہے جبکہ وہاں موجود حفیظ سمیت دیگر افراد حسن علی کو تالیاں بجا کر داد بھی دیتے ہیں۔