ویب ڈیسک: لاہور قلندرز اور پشاور زلمی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتھ مزید 10 سال کے لیے معاہدے کی تجدید کر دی ہے۔
لاہور قلندرز نے ای وائی کی ویلیوایشن کے بعد معاہدے کی تجدید کی ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نےکہا ہےکہ لاہور قلندرز کی جانب سے معاہدے کی تجدید پی ایس ایل پر اعتمادکا ثبوت ہے، لاہور قلندرز کے مالکان نے اپنی فرنچائز کو عالمی برانڈ بنا دیا ہے۔
سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل اگلےسال 11ویں ایڈیشن سے 8 ٹیموں تک بڑھ جائےگی۔
سلمان نصیر کا کہنا ہےکہ لاہور قلندرز کا جذبہ اور توانائی پی ایس ایل کی پہچان ہے، قلندرز کی ٹیلنٹ نرسری نے پاکستان کرکٹ کو نیا خون دیا ہے۔
خیال رہے کہ شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں چار سال میں تین ٹائٹل لاہور قلندرز نے اپنے نام کیے ہیں۔
پشاور زلمی نے بھی معاہدے کی 10 سال کے لیے تجدیدکردی
دوسری جانب پشاور زلمی نے بھی پی ایس ایل کے ساتھ فرنچائز معاہدے کی 10 سال کے لیے تجدید کردی ہے۔
پشاور زلمی کی ملکیت آئندہ دہائی میں بھی موجودہ مالکان کے پاس رہےگی۔ پشاور زلمی نے ای وائی کی ویلیوایشن کے بعد معاہدے کی تجدید کی ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ جاوید آفریدی کی قیادت میں زلمی پاکستان کی مقبول ترین فرنچائز بن گئی ہے، جاوید آفریدی کا ویژن زلمی اور پی ایس ایل دونوں کے لیے مضبوط اساس ہے۔
سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ پشاور زلمی کا معاہدے کی تجدید کرنا پی ایس ایل پر اعتماد کا مظہر ہے، زلمی کی انرجی اور فین کنیکٹ پی ایس ایل کی شناخت ہے، پی ایس ایل کی ترقی میں جاوید آفریدی کا کلیدی کردار رہا ہے۔
واضح رہےکہ پشاور زلمی پی ایس ایل کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ٹیم قرار دی گئی ہے۔
زلمی کے نئے 10 سالہ معاہدے سے فینز میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔