ملک محمد اشرف : سول ججز کی بھرتی کیلئے تحریری امتحانات اختتام پذیر ہوگئے ۔ ہائیکورٹ کے زیراہتمام لاہور بورڈز کے امتحانی سنٹرز میں 24 سو سے زائد امیدواروں نے تحریری امتحان کے آخری روز جنرل نالج کا امتحان دیا۔
چیف جسٹس ہائیکورٹ محمد قاسم خان کی منظوری کے بعد ماتحت عدالتوں میں سول ججر کی بھرتی کیلئے تحریری امتحانات لئے گئے ۔ ہائیکورٹ کی انتظامیہ کی جانب سے امتحانات کو شفاف بنانے کیلئے بہترین انتظامات کئے گئے جس کی امیدواروں نے بھی تعریف کی۔ سول ججز کی بھرتی کیلئے بی اے، ایل ایل بی اور دوسالہ وکالت پریکٹس کا معیار رکھا گیا۔امتحانات میں مجموعی طور پرپچاس فیصد نمبرز لینے والے امیدواروں کو انٹرویوز کیلئے بلایا جائے گا ۔ جسٹس شاہد بلال حسن کی سربراہی میں کمیٹی نےامتحان کی نگرانی کی۔
امتحانی کمیٹی میں جسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس سردار احمد نعیم شامل ہیں۔امتحانات مکمل ہونےپرجسٹس شاہد بلال حسن ،جسٹس سید شہباز رضوی اورجسٹس سردار احمد نعیم کے اعزاز میں چائے کا اہتمام کیاگیا۔ جس میں ایڈیشنل رجسٹرار امتحانات چودھری محمد یعقوب سمیت امتحانات کی ڈیوٹی پر مامور جوڈیشل افسران نے شرکت کی۔
یاد رہے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان 25 اور 26 نومبر کو ہائی کورٹ ملتان بنچ میں سماعت کریں گے، چیف جسٹس محمد قاسم خان 23، 24 پھر 27 نومبر سے پرنسپل سیٹ پرسماعت کریں گے۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان کی منظوری سے 16 واں ترمیمی ججز روسٹر جاری کیاگیا۔ترمیمی ججز روسٹر کے مطابق آئندہ ہفتے پرنسپل سیٹ پر 11 ڈویژن جبکہ 25 سنگل بنچ سماعت کریں گے۔ آئندہ ہفتے پرنسپل سیٹ پر جسٹس محمد امیربھٹی، جسٹس ملک شہزاد احمد خان سماعت جاری رکھیں گے۔