( شہباز علی ) ویسٹرن وارئیرز نے ناردرن رینی گیڈز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کرسکلز ٹو شائن ویمنز انڈر 18 ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ جیت لیا، نوجوان کرکٹرز نے ٹورنامنٹ کو بہترین قرار دے دیا۔
قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں ناردرن رینی گیڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے چھ وکٹوں کے نقصان پر 86 رنز بنائے۔ شوال ذوالفقار 28 اور ہمنہ بلال 15 رنز بنا کر نمایاں رہیں، ویسٹرن وارئیرز کی نازش رفیق نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں ویسٹرن وارئیرز نے دو وکٹوں کے نقصان پر 90 رنز بنا کر ٹورنامنٹ جیت لیا، عائشہ نسیم 34، صائمہ ملک 26 رنز بناکر نمایاں رہیں۔
خواتین کھلاڑیوں نے ویمن کرکٹ کے فروغ کے لئے پی سی بی کے اقدامات کو بہترین قرار دے دیا۔
قومی ویمن چیف سلیکٹرعروج ممتاز نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ ان کا کہناتھا کہ انڈر 18 ٹورنامنٹ سے ایمرجنگ ٹی ٹونٹی ویمن ورلڈ کپ کیلئے ٹیلنٹ سامنے آیا ہے اور امید ہے بہترین ٹیم تیار کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
فائنل میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر نازش رفیق اور عائشہ نسیم کو مشترکہ طور پر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا۔ ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 3 لاکھ اور رنرزاپ ٹیم کو ڈیڑھ لاکھ روپے کی انعامی رقم دی گئی۔